زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان نے کیسکو کو 8نکاتی مطالبات پیش کردیے

کوئٹہ(یو این اے )زمیندار ایکشن کمیٹی نے کیسکوکے بورڈ آف ڈائریکٹرز وحکام کو 8نکاتی مطالبات پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ مطالبات پر عملدرآمد تک بجلی بحال کیاجائے اگر زمینداروں کی بجلی بحال نہ کی گئی توزمیندار ایکشن کمیٹی سخت لائحہ عمل کااعلان کریگی۔بلوچستان کے زمینداروں کی نمائندہ تنظیم زمیندار ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے اپنے حقوق کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے زمینداروں کے ذمے سال 2023 بلوں کی ادائیگی کیلئے ہم اپنے طور پر کوششیں کررہے ہیں لیکن اس آڑ میں زمینداروں کی تذلیل پکڑ دھکڑ اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کسی صورت قبول نہیں ہے، زمیندار ایکشن کمیٹی کو آن بورڈ لئے بغیر آپریشن زمیندار کش پالیسی ہے۔ گزشتہ روززمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی کی زیر صدارت ایکشن کمیٹی کا اہم اجلاس ایم پی اے ہاسٹل میں منعقد ہوا اجلاس میں جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی، ایگزیکٹو ممبران حاجی ولی محمد رئیسانی، حاجی عبد الجبار کاکڑ، سید عبدالقہار آغا، کاظم خان اچکزئی، حاجی شیر علی مشوانی، حاجی عزیز سرپرہ، حاجی محمد افضل بنگلزئی، ملک منظور نوشیروانی، حاجی عبید اللہ پانیزئی، حاجی روز الدین کاکڑ، سید جبار آغا، ملک عبد المجید مشوانی، سید صدیق اللہ آغا،حاجی شوکت، حاجی محمد اقبال،ٹکری پار الدین سمیت صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے زمینداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے 2015 کے معاہدے کے باوجود کیسکو حکام عمل درآمد میں ناکام ہیں جس کی وجہ کیسکو کے پاس زرعی فیڈرز کو 8 گھنٹے بجلی فراہمی کا سکت نہیں تھا۔ زمیندار صوبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن افسوس کہ انہی زمینداروں کو مختلف القابات سے نوازا جا رہا ہے سبسڈی کی مد میں وفاق و صوبہ مقروض لیکن بجلی بند کرکے زمینداروں کو تنگ کیا جاتا ہے، گزشتہ 2 سالوں میں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر زمیندار ہوا ہے کھڑے فصلات اور پکے میوہ جات تباہ ہو گئے حکومت وقت نے زمینداروں کو ریلیف کیلئے کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا ہے زمینداروں کے سینکڑوں ٹیوب ویلز زمین بوس ہو گئے ہیں، زمینداروں کو بجلی 6 یا 8 گھنٹے دی جاتی ہے جبکہ یونٹ کے حساب سے 24 گھنٹوں کا بل لیا جاتا ہے، غربت لوگ زمینداری کے شعبے سے وابستہ ہیں اس مہنگائی میں غریب زمیندار میٹر کے لاکھوں روپے کی ادائیگی کہاں سے کریں گے، زمیندار 10 ہزار روپے جمع کرتا ہے لیکن بجلی صرف 4 گھنٹے فراہم کیا جاتا ہے۔اجلاس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے زمیندار آئندہ کے سخت حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہیں اور زمینداروں میں آگاہی پروگرام جاری رکھیں۔ کیسکو مختلف حیلے بہانوں سے زمینداروں کی تذلیل کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہا یہ رویہ انتہائی قابل افسوس ہے اور ہم کسی صورت ایسے رویہ کو برداشت نہیں کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک نصیر احمد شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان کے زمینداروں کی نمائندہ تنظیم زمیندار ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے اپنے حقوق کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے زمینداروں کے ذمے سال 2023 بلوں کی ادائیگی کیلئے ہم اپنے طور پر کوششیں کررہے ہیں لیکن اس آڑ میں زمینداروں کی تذلیل پکڑ دھکڑ اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کسی صورت قبول نہیں ہے، زمیندار ایکشن کمیٹی کو آن بورڈ لئے بغیر آپریشن زمیندار کش پالیسی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں