فلسطین میں اسپتال پر بمباری اور سیکڑوں اموات کیخلاف مشرق وسطیٰ میں مظاہرے

تہران ،عمان(صبا ح نیوز)اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے غزہ کے العہلی عرب ہسپتال پر حملے کے خلاف مشرق وسطی میں مظاہرے جاری ہیں۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق العہلی عرب ہسپتال پر اسرائیلی فضائیہ کی بمباری نے پورے مشرق وسطی میں غصے اور احتجاج کو جنم دیا ہے اور اس مہلک حملے کی مذمت کے لئے مختلف ممالک میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ایران کے دارالحکومت تہران میں برطانوی اور فرانسیسی سفارت خانوں کے باہر سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا جبکہ شہر کے وسط میں واقع فلسطین اسکوائر پر بھی ہزاروں افراد جمع ہوئے۔ایرانی دارالحکومت میں فرانسیسی سفارت خانے کے احاطے کی دیواروں پر انڈے پھینکتے ہوئے مظاہرین نے فرانس اور انگلینڈ مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔مشتعل مظاہرین تیونس میں فرانسیسی سفارت خانے کے باہر جمع ہوئے اور امریکا کے خلاف بھی احتجاج ریکارڈ کرایا۔مظاہرین کی جانب سے فرانسیسی اور امریکی صیہونیوں کے اتحادی ہیں کے نعرے لگائے گئے اور دونوں ممالک کے سفیروں کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔لبنان میں بھی مظاہرے پھوٹ پڑے جہاں حزب اللہ اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔مظاہرے میں شریک ایک یونیورسٹی لیکچرر کا کہنا تھا کہ یہ عرب کی گلیوں کی آواز ہے، اس آواز کو ماضی میں خطے اور مغرب کی حکومتوں نے نظر انداز کیا ہو گا لیکن وہ اب ایسا نہیں کر سکتیں۔ہزاروں افراد عمان میں امریکی اور اسرائیلی سفارتخانوں کے سامنے جمع ہوئے اور ہزاروں کی تعداد میں افراد ملک کے دوسرے حصوں میں بھی نکلے۔ سینکڑوں افراد نے اردن کی سکیورٹی فورس کی قائم کردہ رکاوٹوں کو عبور کیا اور نعرے لگاتے ہوئے اسرائیلی سفارت خانے کے باہر جمع ہو گئے۔اردن میں فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف احتجاج اس وقت سامنے آیا ہے جب غزہ کے ایک ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن کو اردن کا دورہ اور دوسری اہم مصروفیات بھی منسوخ کرنا پڑی ہیں۔تاہم یہ واضح نہیں امریکی صدر کا اردن کا دورہ ہزاروں مظاہرین کے سڑکوں پر نکلنے کے بعد منسوخ کیا گیا ہے یا پہلے ہی ایسا کرنا پڑ گیا۔ دوسری جانب مصری صدر السیسی نے بھی اسرائیل کی فلسطینیوں کی غزہ سے بے دخلی کے خلاف مصری عوام کے گلیوں میں نکلنے کا اشارہ دیا ہے،ہسپتال پر حملے نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی احتجاجی مظاہروں کو جنم دیا اور سینکڑوں فلسطینی رام اللہ میں سڑکوں پر نکل آئے جبکہ اس دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ ان کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔رام اللہ کے قریب ایک گاوں میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی کے جاں بحق ہونے کی بھی خبریں سامنے آئیں۔علاوہ ازیں اسرائیل کے حملے کے خلاف مذمت کے لیے لیبیا، یمن اور مراکش میں بھی مظاہرے کیے گئے۔یاد رہے کہ منگل کی رات صہیونی فضائیہ کی جانب سے غزہ کے ایک ہسپتال کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں