طلباءسیاست پر قدغن اور رکاوٹیں ڈالنا آمرانہ اقدامات کا تسلسل ہے، پشتونخوا میپ
کوئٹہ (یو این اے) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ طلبائ سیاست پر قدغن اور رکاوٹیں آمرانہ اقدامات کا تسلسل ہے ، طلبائ سمیت ہر شعبہ زندگی کے عوام کو سیاست کا حق حاصل ہے ، پشتونخوامیپ سیاست کو عبادت سمجھتی ہے اور یہ عبادت پارٹی کے ہر کارکن کا فریضہ ہے۔ پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کو یہ افتخار حاصل ہے کہ اس نے ہمیشہ پشتون قومی تحریک میںہر اول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے پشتونخوا وطن کے تمام وطن دوست، جمہوری اور ترقی پسند سوچ رکھنے والے طالب علم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ان کی تربیت کی ہے ، غیر جمہوری قوتوں ، قومی بالادستی ، طبقاتی طرز تعلیم اور تعلیمی اداروں میں سیاست پر قدغن لگانے کے خلاف پشتونخوا ایس او کے قائدین اور کارکنوں کی قربانیاں ، جدوجہد تاریخ میں زریں الفاظ میں لکھی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ میںنئے طلبائ کیلئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت ضلع سیکرٹری کوئٹہ یار محمد بریال نے کی۔ تقریب سےPSOکے زونل اطلاعات آرگنائزر اسفندیار کاکڑ، آفس آرگنائزر عظیم افغان ، یار محمد بریال ، واسع سنزر ، انجینئر ظفیر ترین ، وحید خان ، آصف خان اور ابرار خان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے نئے طلبائ کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ علم کے حصول کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائینگے اور انہیں درپیش مسائل ، ان کے تعلیمی ، جمہوری حقوق کیلئے پشتونخوا ایس او اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ مقررین نے کہا کہ دنیا میں جن قوموں نے ترقی کی ہے انہوں نے بنیادی تعلیم بچوں کو مادری زبان میں دی ہے ، مادری زبانوں میں تعلیم دے کر ہی ہمارے بچے مستقبل کی نوید بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کو سوچھی سمجھی سازش کے تحت تباہ کیا جارہا ہے ، تمام تعلیمی اداروں میں مالی مسائل کا یک دم نمودار ہونا ، بلاوجہ سکالر شپ ختم کرنا ، بسوں کو روکنا ،فیسوں میں بے تحاشا اضافے، اساتذہ ، طلبائ وطالبات کو پریشانیوں سے دوچار کرنا ، ان کے علمی تسلسل پر منفی اثرات مرتب کرنا اس تمام صورتحال کا ہمارے طلبائ ، اساتذہ کو ادراک کرنا ہوگا، طلبائ سیاست پر پابندیوں کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ ان مسائل کو اجاگر نہ کرسکے ، اپنے لیئے ، اساتذہ کیلئے ، تعلیمی اداروں کیلئے ان کے معیار اور وقار کی بلندی کیلئے آواز بلند نہ کرسکے ، لیکن پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اس ساز ش کو ناکام بنانے کیلئے اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے پشتونخوامیپ کو کارکن سے رہنمائ تک بہتر کیڈرز دیتی رہے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کے بلبوتے پشتون قومی تحریک میں اہم کردار اداکیئے ہیں۔ آج بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ پشتونخوا ایس او کے اراکین علم کے حصول کے ساتھ ساتھ اپنے قومی ، وطنی ، سیاسی ،جمہوری حقوق سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے اپنا مثبت تعمیری کردار ادا کرے اور پشتونخوامیپ کے ایسے کارکن دے جو ہر قسم کے مفاد سے بالاتر ہوکر پشتونوں کی نجات دہندہ کے طور پراپنی خدمات سرانجام دیں سکے۔


