پاکستان نے آئی ایم ایف کا این ایف سی ایوارڈ میں تبدیلی کا مطالبہ مسترد کردیا
اسلام آباد (انتخاب نیوز) حکومت پاکستان نے آئی ایم ایف کا نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ میں تبدیلی کامطالبہ مسترد کردیا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق خلاف آئین کوئی تجویز منظور نہیں کی جائےگی۔ ذرائع کا یہ کہنا تھا کہ محصولات بہتر بنانے کیلئے متبادل ذرائع تلاش کیے جائیں گے، این ایف سی کے اخراجات میں وفاق اور صوبے مل کر نئی حکمت عملی بناسکتے ہیں۔ وفاق اور صوبوں میں بجلی نقصانات مشترکہ طور پر برداشت کرنے، سیکورٹی سے متعلق اخراجات اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اخراجات پر بھی مشترکہ حکمت عملی بنائی جاسکتی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ وفاق کے محصولات بہتر بنانے کیلئے متبادل ذرائع تلاش کیے جائیں گے، این ایف سی پر ترامیم کا مطالبہ آئی ایم ایف پہلے بھی کرتا رہا ہے، این ایف سی کے تحت صوبوں کا حصہ کم نہیں ہوسکتا۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد تیسری قسط کے اجرا سے قبل جائزے کیلئے پاکستان میں موجود ہے اور پاکستانی حکام سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔


