کندھکوٹ میں ایک اور اسکول ٹیچر کے اغوا کی کوشش ناکام، گولی مار کر زخمی کردیا

حیدرآباد (انتخاب نیوز) کندھکوٹ میں پولیس سے بے خوف ڈاکوﺅں کی ایک اور اسکول ٹیچر کو اغوا کرنے کی کوشش سامنے آئی ہے۔ اغوا میں ناکامی پر ڈاکوﺅں نے اسکول ٹیچر عبدالرحیم باجکانی اور اس کے والد کو زخمی کردیا، زخمی استاد نے کچے کے اسکولوں میں پڑھانے والے ٹیچرز کو تحفظ دینے کا مطالبہ کردیا۔ کندھ کوٹ میں ہی چند روز قبل پرائمری ٹیچر اللہ رکھیو نندوانی کو قتل کیا گیا تھا۔ ٹیچر کے قتل میں ملوث ڈاکوﺅں کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز کا آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے۔ آپریشن کے دوران قتل کے ملزم صدام نندوانی کے گینگ کے متعدد ٹھکانوں کو مسمار کردیا گیا۔ ایس ایس پی کندھ کوٹ نے عزم ظاہر کیا کہ اللّٰہ رکھیو نندوانی کے قاتلوں کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی تک آپریشن جاری رہےگا۔ پنجاب کے ضلع راجن پور کے کچے کے علاقے میں آپریشن کے دوران پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا، ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہل کار بھی زخمی ہوگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں