تحریک انصاف حکومت نے 24سے 47ویں معیشت بناکر ملک کا بیڑا غرق کیا،اسحاق ڈار
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ پاکستان اسحاق ڈار نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں 16 ماہ کی حکومت ملک کو صرف دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے تھی اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اپنا عہد خوب نبھایا، تحریک انصاف حکومت جاتے جاتے کہہ کرگئی تھی کہ بارودی سرنگیں بچھا کرجارہے ہیں، دنیا میں 24 ویں معیشت کو 47 ویں معیشت بناکر جانے والوں نے پاکستان کا بیڑاغرق کیا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی سفیربانی پی ٹی آئی سے ملنے کے لیے درخواست کرتے ہیں تو فیصلہ عدالت کرے گی، حکومت نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات سے متعلق ڈونلڈ لو کی گفتگو کوئی نئی بات نہیں، اگردھاندلی ہوئی تو پختونخوا میں ایک پارٹی کو 75 فیصد سیٹیں کیسے ملیں؟ سندھ میں پیپلزپارٹی کو 70 فیصد سیٹیں ملیں، اگر کسی کو انتخابات سے شکایت ہے تو عدالتیں اور ٹربیونل موجود ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمسائے تبدیل نہیں کیے جاسکتے، ہمیں پڑوسیوں کےساتھ ہی رہناہے، افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے گفتگو کے دوران حملے کی خبر ملی، افغان وزیرخارجہ کو بتایا کہ گل بہادر گروپ حملے کا ذمہ دار ہے۔وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون چند ہفتوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے، کیمرون آسٹریلیا کے دورے سے واپس آرہے ہیں، پیرکوبرطانوی وزیر خارجہ سے فون پر بات ہوگی۔برسلز نیوکلیئر کانفرنس میں شرکت سے متعلق اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان جوہری توانائی کے محفوظ استعمال سے متعلق اپنے تجربات دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار ہے، عالمی مالیاتی اداروں کو جوہری توانائی کے منصوبوں سے متعلق تعاون کرنا چاہیے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے کاروباری افراد چاہتے ہیں بھارت کے ساتھ تجارت بحال ہو اور پاکستان بھارت کے ساتھ تجارت کھولنے سے متعلق جائزہ لےگا۔


