زرداری، نواز اور مریم پر ایف آئی آر کی تفصیلات،2022میں مقدمہ درج ہوا نیا کوئی نہیں،پولیس

پشاور(انتخاب نیوز)صدر مملکت آصف زرداری، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سابق وزیر اعظم نواز شریف پر خیبر پختونخوا میں درج ایف آئی آر کی تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ان پر کوئی نئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، تینوں پر 2022 میں مقدمہ درج ہوا تھا اور ایف آئی آر ڈی آئی خان کے تھانہ کینٹ میں درج ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ 2022 میں درج ایف آئی آر کو سیل کیا گیا ہے، غداری کے مقدمات شامل ہیں، ایف آئی آر پی ٹی آئی کے گزشتہ دور حکومت میں درج کی گئی تھی۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مریم نواز، نواز شریف اور آصف زرداری کے گھر پولیس بھیجنے سے متعلق بیان دیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب حکومت اپنی حرکتوں سے باز آجائے، یہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتے تو ہم دیکھتے ہیں یہ کیسے حکومت چلاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مریم نواز، نواز شریف اور آصف زرداری کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف آئی آر درج ہوئی ہیں، ہمیں دھمکیاں دینے سے اجتناب کریں ایسا نہ ہو کہ آپ کے گھر پولیس بھیج دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں