ججز کو دھمکی آمیز خطوط، وفاقی پولیس نے وزارت داخلہ کو تفتیشی رپورٹ ارسال کردی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو دھمکی آمیز خطوط ملنے کے معاملے پر وفاقی پولیس نے وزارت داخلہ کو تفتیشی رپورٹ ارسال کردی، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کرائی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو دھمکی آمیز خطوط ملنے کے معاملے پر وزارت داخلہ کو اب تک ہونے والی تفتیش کی رپورٹ بھجوادی گئی، رپورٹ وفاقی پولیس کی جانب سے وزارت داخلہ کو بھجوائی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 2 اپریل کو ہائیکورٹ کے 8 ججز کو مشکوک خطوط ملے، 3، 4 اور 5 اپریل کو سپریم کورٹ ججز کو بھی خطوط موصول ہوئے، معاملے کے الگ الگ 2 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ خط پر آرسینک پاﺅڈر پایا گیا جس کی مقدار زہریلی نہیں تھی، آرسینک جن پنسار اسٹورز سے ملتا ہے ان کا ڈیٹا اکٹھا کرلیا، تفتیشی ٹیمیں ان تمام دکانوں کے دورے کررہی ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سی ٹی ڈی کی راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے 2 ٹیمیں بنائی گئی ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج اور خطوط بھیجنے والوں کے نام نادرا کو بھجوا دیے، لفافوں پر تحریر اور سیاہی کے تجزیہ کے لیے ایکسپرٹس کو بھجوا دیا گیا، خط پر لگائی جانے والی پوسٹل اسٹیمپ کا بھی تجزیہ کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کرائی جارہی ہے۔


