بھارت میں اسلامی مدارس پر پابندی عائد کر دی گئی

نئی دہلی(آئی این پی)بھارت میں ہونے والے عام انتخابات میں واضح شکست کو دیکھتے ہوئے مودی سرکار اپنے حواس کھو بیٹھی ہے، پہلے اپوزیشن جماعتوں کیخلاف اقدامات اب اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف نفرت کھل کر سامنے آچکی ہے۔مودی سرکارانتخابات سے قبل مسلمانوں کی مذہبی آزادی چھیننے کا ایک اور اوچھا حربہ استعمال کررہی ہے جبکہ بھارت میں مسلمانوں کے حقوق کی پامالی اب عام بات بن کررہ گئی ہے۔بھارت میں انتخابات سے قبل مسلمانوں کو ان کے بنیادی مذہبی حقوق سے محروم کرنا،مودی سرکار کی انتخابات میں کامیابی کا ایک مذموم ہتھکنڈا ہے،عالمی میڈیا کی رپورٹ کےمطابق انتخابات سے قبل بھارتی ریاست اتر پردیش میں مدارس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔یہ ایک ایسا اقدام ہے جو مسلمانوں کو عام انتخابات سے قبل وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست حکومت سے مزید دورکرسکتا ہے رپورٹ کے مطابق الہ آباد ہائیکورٹ نے مدارس سے متعلق 2004کا قانون منسوخ کرتے ہوئے ریاست میں تمام مدرسوں پر پابندی عائد کر دی،مدارس سے متعلق قانون سے بھارت کے سیکولرازم کے دعوں کی قلعی کھل گئی ہے اور ان کی مسلمانوں کیخلاف نفرت بھی عیاں ہو چکی ہے،بھارت کی ریاست اتر پردیش میں 24کروڑ عوام میں سے پانچواں حصہ مسلمانوں کا ہونے کے باوجود ان کی مذہبی آزادی چھیننا سراسر ظلم ہے بھارتی قانون کے اس اوچھے اقدام سے 25ہزار مدارس کے 27لاکھ طلبہ اور 10ہزار سے زائد اساتذہ متاثر ہوں گے۔رواں برس جنوری میں بھارتی حکومت نے ایک سکیم کا خاتمہ کرتے ہوئے اترپردیش کے مدارس میں ریاضی اور سائنس جیسے مضامین پڑھانے والے اساتذہ کو ادائیگیاں روک دی تھیں جس سے 21ہزار اساتذہ متاثر ہوئے تھےہندوتوا نظریے کو پروان چڑھانے والی بی جے پی سرکار شمال مشرقی ریاست آسام میں بھی سیکڑوں مدارس کو روایتی سکولوں میں تبدیل کر رہی ہے،بھارتی عدالت نے مدارس میں زیرتعلیم بچوں کو معیاری تعلیم مہیا نہ کرنے کا بہانہ بنا کرمدارس کو بند کیا،بھارتی قانون محض مسلمانوں اور ان کے دینی مدارس کو ہدف بنانے کے لیے بنائے گئے ہیں,بھارت میں مدارس پر پابندی سے مودی کی ہندوتوا ذہنیت کھل کر سامنے آ گئی،بھارتی حکومت کی جانب سے مدارس کو بند کرنا نہ صرف بھارتی بلکہ عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے،امریکا، یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے حوالے سے تنظیموں کو بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک پر خاموشی توڑ کر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں