عالمی فوجداری عدالت سے اسرائیلی وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونیکا امکان

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ میں انسانی المیے پر اسرائیلی فوجی افسران اور سیاسی رہنماﺅں کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوسکتے ہیں۔ اس معاملے پر منگل کے روز اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر میں قانونی ماہرین اور وزرا کا ہنگامی اجلاس بھی ہوا۔ اسرائیلی قیادت پر غزہ میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کا الزام ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حکومت کو خدشہ ہے کہ غزہ میں جاری انسانی المیے کو بنیاد بنا کر اسرائیلی وزیراعظم اور دیگر حکام کے وارنٹ جاری کیے جاسکتے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کا بتانا ہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ دنوں برطانوی اور جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں بھی وارنٹ کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔خیال رہے کہ جنوری میں میکسیکو اور چلی نے عالمی فوجداری عدالت میں اسرائیل کے جنگی جرائم کیخلاف مشترکہ درخواست دائر کی تھی۔ میکسیکو اور چلی کی درخواست میں فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جنگی جرائم کی تفتیش کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل جنوبی افریقا نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کی فلسطینیوں کی نسل کشی کیخلاف درخواست دائر کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں