پیپلز پارٹی چاہتی ہے صحافیوں کے تحفظات کو دور کیا جائے، یوسف رضا گیلانی

لاہور ( این این آئی) قائمقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی اور صوبائی کابینہ میں شامل ہونے کا فیصلہ پنجاب کا شیئر دیکھ کر کرے گی، اگر پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مناسب سپیس دی گئی تو پھر کابینہ میں شامل ہونے پر پارٹی قیادت سے مشاورت کی جائے گی،پیپلز پارٹی ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام چاہتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں کی طرف سے والہانہ استقبال کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔نو منتخب رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی، رکن قومی اسمبلی علی قادر گیلانی، علی موسی گیلانی، رکن پنجاب اسمبلی و پارلیمانی لیڈر سید حیدر گیلانی بھی انکے ہمراہ تھے۔جبکہ صدر پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ 3مینارٹی ونگ لاہور چوہدری عاصم، نائب صدر مینارٹی ونگ پنجاب ڈیوڈ سندھو، یونس شہزاد وقاص منشا پرنس ، ڈپٹی ایڈیشنل سیکرٹری منیر پیارا، نائب صدر مینارٹی ونگ لاہور یونس کھوکھر، عمران پال، عابد سندھو، ڈاکٹر یعقوب پال، طاہر پرویز کھوکھر، یونس بھٹی، دانیل کھوکھر، اسحاق فیضان، محی الدین اور دیگر پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی اور صوبائی کابینہ میں شامل ہونے کا فیصلہ پنجاب کا شیئر دیکھ کر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہتک عزت بل پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے تفصیلی بات ہوئی ہے،پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ صحافیوں کے تحفظات کو دور کیا جائے۔قبل ازیں یوسف رضا گیلانی کی ڈیفنس میں اپنی رہائشگاہ آمد کے موقع پر جیالوں کا بینڈ باجے سے استقبال کیا گیا،پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ پنجاب کے نائب صدر ایڈون سہوترا نے یوسف رضا گیلانی اور انکے صاحبزادوں کا شاندار استقبال کیا۔علی قاسم گیلانی نے کہا کہ ایڈون سہوترا،بشارت بشی اور دیگر کارکنان کی کاوشوں کا شکر گزار ہوں۔ایڈون سہوترا نے کہا کہ پارٹی قیادت کی حوصلہ افزائی سے کارکنان کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں