پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں پر عمل درآمدکے لیے کریک ڈائون، 5 پٹرول پمپس سیل
اسلام آباد (صباح نیوز)ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے پٹرولیم مصنوعات نئی قیمتوں پر عمل درآمد کویقینی بنانے کے لیے کریک ڈائون کرتے ہوئے 5پٹرول پمپس سیل کر دئیے ۔ہفتہ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف پٹرول پمپوں کی انسپکشن کیں۔انہوں نے حکومتی نوٹیفکیشن پر عمل درآمد نہ کرنے والے 5پٹرول پمپ سیل کر دئیے اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی الفور کمی نہ کرنے پر پٹرول پمپ منیجر کوگرفتار کر لیا گیا۔ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ شہری پٹرول اورڈیزل کی قیمت نوٹیفکیشن کے مطابق ادا کریں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے والے پٹرول پمپ کی شکایات لازمی کریں، پٹرول اورڈیزل کی فراہمی بند کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی ہے کہ حکومتی ریلیف عوام تک فی الفور من و عن پہنچایا جائے۔


