ریکوڈک پروجیکٹ میں غیر مقامی افراد کی بھرتیاں روکی جائیں، پیپلز پارٹی
دالبندین (پ ر) پیپلز پارٹی کے ممبر صوبائی کونسل و وائس چیرمین ڈسٹرکٹ کونسل چاغی میر اسفندیار، یار محمد زئی، ضلعی صدر چاغی ملک رحمت اللہ نوتیزئی، ممبر صوبائی کونسل حاجی غلام جان حسن زئی، ممبر صوبائی کونسل میر شاہنواز رئیسانی نے ریکوڈک پروجیکٹ میں غیر مقامی افراد کے بڑے پیمانے پر بھرتیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مینجمنٹ انتظامیہ رخشان ڈویژن خصوصاً ضلع چاغی کے مقامی تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو نظرانداز کرکے غیر مقامی افراد کو بھرتی کرکے میرٹ کی پامالی کا مرتکب ہورہی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک پروجیکٹ انتظامیہ اپنے افسران کی ملی بھگت سے اور ایک سوچھے سمجھے منصوبے کے تحت مائننگ کے عالمی اصولوں کو روندھ کر من مانی پر اتر آئی ہے جسکا واضح ثبوت حالیہ لیک ہونے والی فہرست ہے جسمیں بڑے بھونڈے طریقے سے مقامی نوجوانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔ ریکوڈک پروجیکٹ انتظامیہ اگر اپنے قول وفعل میں مخلص ہے تو انہیں مقامی افراد کو اپنی پہلی ترجیح میں رکھنا ہوگا اور کلیدی پوزیشنز پر غیر مقامی افراد کی بڑے پیمانے پر بھرتیوں کو روکنا پڑیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سنگین معاملے پر صوبائی حکومت کے ساتھ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت خصوصاً قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پارٹی اراکین کو پروجیکٹ انتظامیہ کے متنازعہ فیصلوں اور رخشان ڈویژن اور ضلع چاغی کے مقامی نوجوانوں کے حقوق کی پامالی سے آگا کیا جائے گا تاکہ مقامی نوجوانوں کے مزید حق تلفیوں کو روکا جاسکے۔


