گوادر انتظامیہ کی سمی دین اور ڈاکٹر صبیحہ کی گرفتاری سے اظہار لاتعلقی

گوادر(پ ر)ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن نے ایک اہم پریس ریلیز میں سوشل میڈیا، واٹس ایپ گروپس، اور دیگر پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے خلاف ایک منظم منصوبے کے تحت افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق پچھلے دو دنوں سے یہ جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں کہ سمی دین بلوچ سمیت دیگر خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے یا بہت سے لوگ زخمی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں اور یہ ضلعی انتظامیہ کے خلاف پروپیگنڈا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہیں کہ سمی دین، ڈاکٹر صبیحہ و دیگر خواتین کو گوادر میں راجی مچی کے موقع پر گرفتار یا زخمی کیا گیا ہے، بالکل بے بنیاد ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر یقین نہ کریں کیونکہ ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ابھی تک سمی دین بلوچ سمیت کسی بھی خاتون کی گرفتاری کی خبر میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے راجی مچی کمیٹی کے رہنماؤں کو پرامن احتجاج کرنے اور انہیں ہر قانونی حق فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی، لیکن کمیٹی نے ضلعی انتظامیہ کی کسی بھی بات کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بلوچ راجی مچی کمیٹی کے کارکنان نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لے کر حکومتی ریٹ کو چیلنج کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ راجی مچی کے دوران، کمیٹی کے کارکنان نے لا انفورسمنٹ ایجنسیز کے ایک اہلکار کو اپنے تحویل میں لے لیا اور ان کو واپس دینے سے انکار کیا۔ ضلعی انتظامیہ نے طویل مذاکرات کیے لیکن کمیٹی نے سیکیورٹی ایجنسی کے اہلکار کو ہمارے حوالے نہیں کیا۔ اس کے بعد پولیس اور ایف سی نے دھرنے کے ہجوم کو منتشر کیا۔ واضح رہے کہ ہجوم کو منتشر کرنے کے وقت کسی بھی سیکورٹی اہلکار کے پاس بندوق نہیں تھی۔ آنسو گیس کے شیلنگ کر کے منتشر کیا گیا۔ تاہم مظاہرین، جو کہ شروع سے پرتشدد تھے، انہوں نے ایک ایف سی اہلکار کو پتھروں سے مار مار کر جاں بحق کر دیا ۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن نے شہریوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈا پر یقین نہ کریں، کیونکہ یہ عام شہریوں کو گمراہ کرنے کی سازش ہے۔ ضلعی انتظامیہ عوام کی حفاظت اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔گوادر کے حالات سے متعلق اس پریس ریلیز کے ذریعے شہریوں کو حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے اور وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ ضلعی انتظامیہ عوام کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی پروپیگنڈا کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں