کوسٹ گارڈ کیخلاف اوتھل کے شہریوں کا شاہراہ بلاک کرکے احتجاج

اوتھل(نمائندہ انتخاب)کوسٹ گارڈز اوتھل کیخلاف اوتھل سے مقامی افراد کا شاہراہ بلاک کرکے احتجاج،پولیس تھانہ اوتھل کے سامنے سے مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کرکے شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کردی،روڈ بلاک ہونے سے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،کوسٹ گارڈز اوتھل راتوں کو گوٹھوں میں گھس کر ہماری چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیا جاتا ہے اور ہمارے بے گناہ افراد کو اٹھا کر ان پر ناجائز ایف آئی آر درج کی گئی ہے،سردار امام بخش مانڈڑہ کا اپنے دیگر ساتھیوں کیساتھ احتجاج کے بعد صحافیوں سے گفتگو۔تفصیلات کیمطابق گزشتہ رات اوتھل کوسٹ گارڈز کیخلاف مقامی افراد نے پولیس اسٹیشن اوتھل کے سامنے احتجاج کرکے روڈ بلاک کردیا،احتجاج کی قیادت کرنیوالے قبائلی شخصیت سردار امام بخش مانڈڑہ کا کہنا تھا کہ ہمارے دو نوجوانوں کو کوسٹ گارڈز اوتھل بے گناہ اٹھا کر پولیس کے حوالے کیا اور ناجائز ایف آئی آر درج کی گئی انہوں نے کہا کہ کوسٹ گارڈز اوتھل سے چھالیہ ڈیزل سمیت دیگر غیر ممنوعہ اشیا کی گاڑیوں سے رشوت لیکر جانے دیتے ہیں اور جو پیسے نہ دے انہیں کچے راستوں سے پیچھا کرکے رات دیر ہمارے گوٹھوں میں یہ گھس جاتے ہیں اور چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیا جاتا ہے،ہر روز مختلف حربوں سے مقامی لوگوں کو تنگ کیا جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ انکو منع کرے تو ان پر الزامات عائد کرکے جھوٹی ایف آئی آر درج کرلی جاتی ہے،احتجاج کرنیوالوں سے ایس ایس پی لسبیلہ کیپٹن ر نوید عالم،اے ڈی سی لسبیلہ سراج احمد بلوچ اور ایس ایچ او قاضی صابر نے کامیاب مذاکرات کرکے چار گھنٹے سے بند کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کرادیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں