نوجوانوں کو قرضے کی فراہمی کیلئے بلوچستان حکومت اور اخوت کے مابین معاہدہ

کوئٹہ ( آئی این پی )بلوچستان میں گریجویٹس نوجوانوں کو کاروبار کے لئے بلا سود آسان قرضوں کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت اور اخوت کے مابین باہمی سمجھوتے کی دستاویزات پر دستخط ہوگئے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے جا ری کر دہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یاداشت پر دستخط کی سادہ مگر پروقار تقریب چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی باہمی سمجھوتے کی دستاویزات پر حکومت بلوچستان کی جانب سے پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر عمران زرکون اور اخوت کی جانب ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے دستخط کئے۔تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، سینٹر سردار عمر خان گورگیج، پارلیمانی سیکرٹری اسفندیار کاکڑ، آغا شاہ زیب درانی ، ایم این اے احمد شاہ گورگیج ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند بھی موجود تھے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایم او یو کے مطابق حکومت بلوچستان اور اخوت باہمی تعاون سے بےروزگار گریجویٹس کو بلا سود قرضے فراہم کریں گے قرضے قابل عمل بزنس پلان کے لئے جاری کئے جائیں گے جن کی واپسی آسان اقساط میں ہوگی ، قرضہ اسکیم سے گریجویٹ خواتین ، اقلیتی باشندے بھی استفادہ کرسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں