ایران نے موساد کے یہودی اہلکار گرفتار کرلیے، سزا یافتہ مجرم کو جاسوسی کے الزام میں پھانسی دیدی
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے یہودی اہلکار گرفتار کرلیے، گرفتار یہودی الکاروں سے معلومات حاصل کرنے پر تہران کے قریب زیر زمین اسرائیلی ڈرونز بنانے والی خفیہ فیکٹری پکڑی گئی جسے ایرانی سکیورٹی سروسز نے تباہ کر دیا۔ علاوہ ازیں ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں سزا یافتہ مجرم اسماعیل فقری کو پھانسی دے دی ہے۔ عدالتی فیصلے کی سپریم کورٹ سے توثیق کے بعد پیر کی صبح اس کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا۔ ایرانی عدلیہ کے میڈیا سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، اسمٰعیل فقری کو دسمبر 2023 میں ایرانی سیکورٹی اداروں کی جانب سے کی گئی ایک پیچیدہ انٹیلیجنس کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے وقت وہ موساد کے ایجنٹوں سے مسلسل رابطے میں تھا۔ تہران ٹائمز کے مطابق عدالتی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ اسماعیل فقری، جو خدا نذر کا بیٹا تھا، دو موساد افسران سے رابطے میں تھا اور قومی سلامتی سے متعلق نہایت حساس اور خفیہ معلومات، جیسے کہ اسٹریٹجک مقامات کے محل وقوع، مخصوص افراد کی تفصیلات اور ادارہ جاتی مشن، محفوظ ذرائع سے موساد کو منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔


