امریکا کا ویزہ دینے سے انکار، فلسطینی صدر اقوام متحدہ کے اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے ویزا دینے سے انکار کے بعد اقوام متحدہ نے فلسطینی صدر محمود عباس کو اگلے ہفتے نیویارک میں ہونے والے اجلاس سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کی اجازت دے دی۔ کئی ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کیے جانے کے اعلان کے بعد امریکا نے فلسطینی صدر محمود عباس کو یو این جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا۔ پرتگال کے وزیر خارجہ نے رواں ہفتے برطانیہ کے دورے کے دوران کہا تھا کہ ان کا ملک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور کر رہا ہے تاہم اب وزارت خارجہ کی جانب سے فلسطین کو ریاست تسلیم سے متعلق اعلان کردیاگیا ہے۔ اقوام متحدہ کے اجلاسوں سے قبل کینیڈا، فرانس، برطانیہ، بیلجیم اور آسٹریلیا سمیت کئی مغربی ممالک باضابطہ طور پر فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کرنے والے ہیں۔


