ویری فکیشن اور نئے ای ٹیگ کے مخالف نہیں، بارڈر کھول کر لوگوں کا روزگار بحال کیا جائے، حق دو تحریک

پنجگور (نامہ نگار) حق دو تحریک کے ضلعی آرگنائزر ملافرہاد ڈپٹی آرگنائزر حافظ سراج احمد نے دیگر کارکنوں کے ہمراہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا احتجاج بارڈر کی بندش کے خلاف ہے، ویری فکیشن اور نئے ای ٹیگ کے مخالف نہیں ہیں کورکمانڈر، آئی جی ایف سی بلوچستان، کمانڈنٹ پنجگور عوامی مشکلات کے پیش نظر بارڈر کھولنے کے لیے اقدامات کریں تاکہ لوگ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر کی بندش کی وجہ سے پنجگور کے عوام بدترین معاشی مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں بچوں کی تعلیم صحت کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں احتجاج کا حق ہمیں آئین پاکستان نے دیا ہے ریاست ماں ہوتی ہے جب بچے بھوکے ہوتے ہیں تو ماں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بچوں کو کھلائیں، پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور میں روزگار کا واحد ذریعہ سرحدی کاروبار سے وابستہ ہے جب سے بارڈر کو بند کردیا گیا ہے ہر طرف مایوسی، بے روزگاری، بھوک اور افلاس نے پنجے گاڑھے ہوئے ہیں، حکومت وقت اور دیگر ذمہ داروں پر واجب ہے کہ وہ عوام کے معاش کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک نے 18 اکتوبر کو ہڑتال اور سی پیک روڈ کی بندش کا جواعلان کیا ہے عوام، بارڈر سے منسلک افراد، ٹرانسپورٹرز کے نوٹس میں لانا چاہتے ہیں کہ وہ 18 اکتوبر کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے ہمارا ساتھ دیں یہ ہڑتال کسی سیاسی کریڈٹ اور مفاد کے لیے نہیں بلکہ پنجگور کے عوام کے عزت نفس اور روزگار کی بحالی کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے لوگوں کو مزید اسٹیکرز ملیں جتنے بھی بے روزگار نوجوان ہیں انکو ٹوکن دیا جائے یہ انکا حق ہے اور ساتھ میں ویری فکیشن کے بھی خلاف نہیں، ہم بھی چاہتے ہیں ویری فکیشن شفاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ ویری فکیشن کے ساتھ ساتھ بارڈر کا روزگار بھی بحال ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں