اساتذہ اور ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنایا جاچکا، بلوچستان کا ہر اسکول اور اسپتال فعال کریں گے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
کوئٹہ (آن لائن) سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کھلی کچہریوں میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری سے متعلق شکایات ایک فیصد سے بھی کم رہ گئی ہیں جو کہ حکومت کی بہتر مانیٹرنگ اور موثر گورننس کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے اشاریوں میں نمایاں بہتری خوش آئند ہے اور اس سے عوام کا اعتماد حکومتی اقدامات پر مزید مستحکم ہوا ہے انہوں نے بتایا کہ کھلی کچہریوں میں عوامی شکایات کا ایک بڑا مسئلہ اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری تھا تاہم مربوط حکمت عملی، سخت نگرانی اور بروقت شنوائی کے باعث اس مسئلے پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اب صورتحال یہ ہے کہ اداروں میں حاضری کو یقینی بنایا جا چکا ہے اور سروس ڈلیوری میں واضح بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 9 ماہ کے دوران بلوچستان کے 36 اضلاع میں مجموعی طور پر 412 کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں 3675 شکایات موصول ہوئیں ان شکایات کی بڑی تعداد تعلیمی اور صحت کے اداروں کی بندش اور عملے کی غیر حاضری سے متعلق تھی تاہم رواں سال مارچ کے مہینے میں موصول ہونے والی 871 شکایات میں سے صرف چار شکایات غیر حاضری سے متعلق تھیں جو اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ اصلاحاتی اقدامات م¶ثر ثابت ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی حاضری سے متعلق شکایات کا کم تناسب اس بات کا مظہر ہے کہ انتظامیہ عوامی مسائل کو سنجیدگی سے سن رہی ہے اور بروقت حل فراہم کر رہی ہے اب جبکہ غیر حاضری جیسے بنیادی مسائل پر قابو پایا جا چکا ہے عوام کی جانب سے سروس ڈلیوری سے متعلق دیگر مسائل کی نشاندہی کی جا رہی ہے، جن کے حل کے لیے بھی حکومت متحرک ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اصلاحاتی ایجنڈے پر موثر عملدرآمد اور گورننس کی بہتری کے لیے چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکرٹریز کمیٹی اور ڈویژنل و ضلعی انتظامی سربراہان کے اجلاسوں کا تسلسل سے انعقاد گڈ گورننس کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں گڈ گورننس اور شفافیت کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے اور حکومت عوامی مسائل کے حل اور سہولیات کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا ہر اسکول اور اسپتال فعال کرکے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے الحمدللہ ڈاکٹرز اور اساتذہ کی حاضری اور تعلیمی و صحت کے اداروں کی فعالیت ایک موثر اور جوابدہ نظام حکمرانی کی واضح علامت ہے۔


