اوتھل میں ایل پی جی کی قیمت 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ

حب (ویب ڈیسک) ضلع لسبیلہ کے شہر اوتھل میں ایل پی جی گیس کی شدید قلت کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، تفصیلات کے مطابق اوتھل میں ایک ہی روز کے دوران تمام ایل پی جی ڈیلرز کے پاس گیس کا ذخیرہ ختم کردیا گیا، جس کے باعث گھریلو صارفین اور گیس پر انحصار کرنے والے کاروباری افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں معمولی ردوبدل کے بعد سپلائی اچانک روک دی گئی، جس سے مصنوعی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایل پی جی کی فی کلو قیمت 500 روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے، جو کہ سرکاری نرخ سے تقریباً 200 روپے زائد ہے۔ صارفین نے شکایت کی ہے کہ مہنگے داموں گیس فروخت کی جا رہی ہے، جس پر متعلقہ اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز عبدالہادی خان کے مطابق ملک میں ایل پی جی کی سپلائی میں کمی ہے جبکہ ڈسٹری بیوٹرز کو خود مہنگے داموں گیس فراہم کی جا رہی ہے، جس کا اثر براہ راست صارفین پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا اور امپورٹرز قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں بے قابو اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اوتھل کے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ میڈم حمیرا بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر اوتھل آفتاب احمد موندرہ، اور تحصیلدار اوتھل حبیب اللہ کھوسہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ عوام نے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ بحران مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے، جس سے نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہوگی بلکہ چھوٹے کاروبار بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کی قیمتوں اور سپلائی کے نظام کو شفاف بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں