گوادر گبد پاکستان ایران روٹ کو بین الاقوامی ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ کوریڈور کا درجہ دے دیا گیا

گوادر (بیورو رپورٹ) بلوچستان خصوصاً گوادر کے لیے ایک تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں حکومت پاکستان نے باضابطہ طور پر گوادر گبد پاک ایران روٹ کو بین الاقوامی ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ کوریڈور کا درجہ دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف خطے کی تجارتی اہمیت کو بڑھاتا ہے بلکہ پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی تجارت اور گوادر کو سینٹرل ایشاءسے جوڑنے کے لئے ایک نئے دور کا آغاز بھی سمجھا جا رہا ہے۔ ترجمان چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ساجد بن رحیم کے مطابق اس کامیابی کے پیچھے صدر چمبر آف کامرس جیئند ہوت اور چیئرمین گوادر بندرگاہ نورالحق کی مسلسل، سنجیدہ اور موثر کوششیں کار فرما رہی ہیں۔ دونوں رہنماﺅں نے نہ صرف وفاقی حکام سے رابطے کیے بلکہ گوادر کے تاجروں اور کاروباری حلقوں کی آواز کو بھرپور انداز میں متعلقہ اداروں تک پہنچایا۔ صدر چمبر آف کامرس جیئند ہوت کے مطابق مطابق گوادر گبد کوریڈور کو اس لیے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ براہِ راست ایران سے منسلک ہے اور کم فاصلے، کم لاگت اور تیز تر ترسیل کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ صدر چمبر آف کامرس جہند ہوت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف قانونی تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ غیر رسمی تجارت (اسمگلنگ) میں بھی واضح کمی آئے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی ٹرانسپورٹ، ویئر ہاﺅسنگ، کلیئرنگ اور فارورڈنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھے گی، جس سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں