ایران کا قطر کے ساحلی علاقے کے قریب تجارتی بحری جہاز پر حملے کا دعویٰ

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کا قطر کے ساحلی علاقے کے قریب تجارتی بحری جہاز پر حملے کا دعویٰ۔ ایرانی نیوز ایجنسی ’فارس‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر کے ساحلی علاقے کے قریب ایک تجارتی بحری جہاز پر میزائل یا ڈرون سے حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں جہاز پر آگ لگ گئی۔ برطانیہ کے بحری تجارتی آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بڑے تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ واقعے کے فوری بعد ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا کہ یہ کارروائی ایران کی جانب سے کی گئی ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے ’فارس نیوز‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ قطر کے ساحلوں کے قریب جس بحری جہاز کو نشانہ بنایا گیا وہ امریکا کی ملکیت ہے اور اس وقت امریکی پرچم تلے سفر کر رہا تھا۔ فارس نیوز نے ایک باخبر ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نشانہ بننے والا بحری جہاز امریکی پرچم والا بلک کیریئر تھا اور اس کا تعلق براہ راست امریکا سے ہے۔ ابھی تک اس حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں