وڈھ، این اے 25 پرگاڑی کو حادثہ، ایک طالب علم جاں بحق، 5 زخمی

خضدار(این این آئی )وڈھ کے قریب نیشنل ہائی وے این 25 پر طلباءکی گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو کراچی سے کوئٹہ جانے والے طلباءکی گاڑی وڈھ میں بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں سالم بلوچ موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا بھائی دینار بلوچ اور دوست درخان ولد ارشاد بلوچ، رحیم شاہ ولد یونس، شاداب ولد نثار احمد اور صادق ولد عبیداللہ زخمی ہوگئے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو خضدار ٹراما سینٹر منتقل کیا۔ شدید زخمیوں کو ڈاکٹروں کے مشورے پر فوری طور پر کراچی ریفر کر دیا گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، ایس پی خضدار دوستین دشتی، اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر وڈھ اکبر علی مزار زئی اور ڈی جی اورک بی یو ای ٹی ڈاکٹر عطاء اللہ خدرانی ہسپتال پہنچ گئے۔ انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں