کوئٹہ، مقامی تاجر ہاشم نورزئی کے قتل میں ملوث تین مبینہ ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا
کوئٹہ (این این آئی )کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں ایک ہفتہ قبل مقامی تاجر ہاشم نورزئی کے قتل میں ملوث تین مبینہ ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ،پولیس ذرائع کے مطابق مقامی تاجر اور ہوٹل مالک محمد ہاشم نورزئی کو 27 جون کی صبح بلیلی کے قریب گاڑی سوار نامعلوم افراد نے قتل کردیا گیا تھا۔ صوبائی حکومت نے یہ کیس سیریس کرائم انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کیا تھا ، سیریس کرائم انویسٹیگیشن ونگ ایک ہفتے کی جدوجہد کے بعد ہاشم نورزئی کے قتل میں ملوث تین مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار تینوں مبینہ ملزمان سیٹلائٹ ٹاو¿ن کوئٹہ کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے مقامی تاجر کے قتل کی واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ لین دین کے معاملے پر تاجر کو قتل کیا گیا ۔
تاہم دوسری جانب کوئٹہ پولیس کے ترجمان نے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ ہاشم نورزئی واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس مرحلے پر تحقیقات حتمی نتیجے تک نہیں پہنچی ہیں۔کوئٹہ پولیس عوام، میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کسی بھی قسم کی قیاس آرائی، غیر مصدقہ معلومات یا افواہوں سے گریز کریں، کیونکہ اس سے تفتیش متاثر ہو سکتی ہے۔تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تمام حقائق اور تفصیلات باضابطہ طور پر میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی


