آزد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پیپلز پارٹی کی اپنی شکست کو بیانیہ سے چھپانے کی کوشش ہے،رانا ثناءاللہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے منتخب نمائندوں کو مینڈیٹ دے دیا، انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی شروع ہو جائے گی۔ دھرنے دینے والے آزاد کشمیر کا الیکشن روکنا چاہتے تھے جو نہیں روک سکے۔امید ہے کہ دھرنے والی قوتیں اب حقائق کا ادراک کرتے ہوئے دھرنا ختم کریں گی، حکومت مظاہرین کے جائز مطالبات پر نظرِ ثانی کرے گی، ہتھیار اٹھانے اور دشمن کا آلہ کار بننے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دھاندلی کے الزامات لگانے والوں نے اب تک کوئی ثبوت نہیں دیے، پیپلز پارٹی کی کوشش اپنی شکست کو دھاندلی کے بیانیہ سے چھپانے کی کوشش ہے۔ آج بھی پیپلز پارٹی دھاندلی کا شور کر رہی ہے لیکن شدت پہلے جتنی نہیں ہے، توقع کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی والے آج الٹی گنتی کو سیدھا کر دیں گے اور مسلم لیگ ن کو کامیابی پر مبارکباد دیں گے۔ مجموعی طور پر آزاد کشمیر میں پولنگ کا عمل پ±رامن طور پر جاری ہے، عوام کو حقِ رائے دہی سے روکنے والے عناصر اپنے مقاصد میں ناکام ہو چکے ہیں۔ جمہوری حکومت عوامی مسائل کو حل کرے گی، اب تک کے انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی، آزاد کشمیر میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوئے۔ آزاد کشمیر کے عوام ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کو مینڈیٹ سونپ رہے ہیں، انتخابات کا تیسرا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہو گا۔


