کچھی مہرگڑھ میں لشکری رئیسانی کے گھر پر حملہ باعث تشویش ہے، بی این پی (عوامی)

بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) نے ضلع کچھی کے علاقے مہرگڑھ میں نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کے گھر پر حملے کو باعثِ تشویش و افسوس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں اور سیاسی و قبائلی شخصیات کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے مگر بلوچستان میں حکومت اپنے فرائض کی ادائیگی میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مہرگڑھ میں نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کے گھر پر حملہ ایک نہایت تشویشناک اور افسوسناک واقعہ ہے۔ ایسے ہتھکنڈوں کے ذریعے سیاسی آوازوں کو دبانے کی کوششیں نہ ماضی میں کامیاب ہوئی ہیں اور نہ آئندہ کامیاب ہوں گی۔ سیاسی اختلافات اور اظہارِ رائے کا جواب طاقت یا تشدد کے بجائے سیاسی جمہوری اور آئینی طریقے سے دیا جانا چاہیے۔بیان میں نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور شہریوں سیاسی و قبائلی شخصیات کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مو¿ثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ حکومت اپنی آئینی و انتظامی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنائے اور سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں