کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے جانے والی ٹرین سروس 2 روز کیلئے معطل کردی گئی ، ریلوے حکام

کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے جانے والی ٹرین سروس 2 روز کیلئے معطل کردی گئی ہے۔ریلو ے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی روانگی ریلوے ٹریک کی مرمت کے سلسلے میں منسوخ کی گئی ہے۔ٹرین 5 اور 6 ستمبر کو کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ نہیں ہوگی جبکہ آج پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس جیکب آباد تک محدودکردی گئی ہے ۔ٹرین سروس کی معطلی اور جیکب آباد تک محدود کرنے سے کوئٹہ آنے اور جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ واضح رہے کہ بلوچستان سے کراچی کیلئے بولان میل اور سرحدی شہر چمن کیلئے چمن پسینجر 6،6 ماہ سے بند ہیںجس کی وجہ سے بلوچستان سے اندرون صوبہ ، اندورن ملک سمیت دیگر صوبوں کو ٹرین کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ گزشتہ کئی عرصے سے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کو ہفتے میں کئی روز تک معطل اور پشاورسے کوئٹہ آنے والی ٹرین کو معطل کردیا جاتا ہے عوامی حلقوں نے وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر ریلوے سے اپیل کی ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے بند اور معطل کی گئی ٹرینوں کو بحال کرکے انہیں سفری سہولیات فراہم کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں