وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی کی کوئٹہ آمد ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات،پیپلز ٹرین سروس کا افتتاح کے موقع پر اجلاس منعقد

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران بلوچستان میں ریلوے نظام کی بحالی، ‘پیپلز ٹرین سروس’ کے آغاز اور مختلف مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔بلوچستان میں پیپلز ٹرین سروس سمیت مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے آغاز پر اصولی اتفاق رائے ہو گیا۔وزیراعلیٰ بگٹی نے اعلان کیا کہ کوئٹہ میں پیپلز ٹرین سروس کے نفاذ کے لیے رواں ہفتے 1.4 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔اس موقع پر حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی 78 سالہ تاریخ میں پہلی بار صوبائی سطح پر اختیارات کی منتقلی (devolution) کا تاریخی فیصلہ کیا گیا ہے، جو وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد اور تعاون کی ایک عمدہ مثال ہے۔ تینوں صوبوں نے مقامی ریلوے سروس کے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی تھی، تاہم بلوچستان نے عملی قیادت کی، جو وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مو¿ثر قیادت اور واضح وڑن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان میں ریلوے کا نظام ایک جدید، مو¿ثر اور پائیدار حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہا ہے۔وفاقی وزیر نے پیپلز ٹرین سروس کو پاکستان ریلوے اور حکومتِ بلوچستان کے باہمی تعاون کا حسین امتزاج قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کو سستی، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان پیپلز ٹرین سروس کے منصوبے پر تیز رفتار اور عملی پیش رفت کی خواہاں ہے۔ حکومتِ بلوچستان نئے ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر اور موجودہ بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن کے لیے درکار وسائل فراہم کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں