پاکستان سعودی عرب کے دفاع کا پابند ہے، 6 سے زائد مسلم ممالک مکہ معاہدے میں شمولیت کے خواہش مند ہیں، اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع کا پابند ہے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلے سیکریٹری جنرل کے لیے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کا نام بھیج دیا گیا ہے۔جمعے کو دفترِ خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ستمبر 2025 کے بعد 7 اگست کو ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ‘ طے پایا جس کا ہیڈ کوارٹر ریاض میں ہو گا۔ تینوں ممالک کی 6 رکنی کمیٹی اس کے ڈھانچے پر کام کر رہی ہے۔معاہدے کے تحت پہلے تین برس کے لیے سیکریٹری جنرل پاکستان سے ہو گا جس کے لیے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کا نام بھیج دیا گیا ہے۔سعودی عرب پر ہونے والے حالیہ حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم حرمین شریفین اور سعودی عرب کے دفاع کے پابند ہیں اور اقوام متحدہ کا چارٹر بھی نیٹو کی طرز پر ایسے اتحاد کو کارروائی کی اجازت دیتا ہے۔‘انہوں نے انکشاف کیا کہ کم از کم 6 سے زائد مسلم ممالک اس دفاعی معاہدے میں شمولیت کے خواہش مند ہیں۔


