انسداد شدت پسندی بل کے خلاف فرانس میں مظاہرے

پیرس:فرانس میں انتہاپسندی کے خلاف مجوزہ قانون کے تناظر میں بڑے مظاہرے شروع ہو گئے۔ وزیرداخلہ نے ان مظاہروں میں شامل بعض افراد کو ٹھگ قرار دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فرانس میں مجوزہ سکیورٹی قانون کا مقصد تو انتہاپسندی کا انسداد ہے، تاہم اس بل کا مسودہ سامنے آنے پر فرانس بھر میں مظاہرے شروع ہو گئے۔ فرانس میں جاری یہ مظاہرے پرتشدد رنگ اختیار کر گئے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق ان پرتشدد واقعات میں شامل ڈیڑھ سو افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔مظاہروں سے نمٹنے والے اہلکاروں اور پولیس نے بارش اور سردی میں ہونے والے ایک ریلی کو دارالحکومت پیرس سے تو باہر نکال دیا، تاہم اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ ٹی وی سکرینز پر نظر آنے والے مناظر میں متعدد افراد کو لہولہان دیکھا جا سکتا ہے۔فرانسیسی وزیرداخلہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ کئی سو ٹھگ تشدد کے لیے باہر نکلے۔ پولیس نے ایک سو بیالیس افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ فرانس میں سکیورٹی بل کی تجویز کے بعد گزشتہ تین ہفتوں سے مظاہرے جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں