سینئر رہنما جمعہ خان خلجی پر حملہ کرنیوالوں کو فوری گرفتار کیا جائے، تحریک انصاف بلوچستان

کوئٹہ (پ ر) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جمعہ خان خلجی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس نوٹس لیں بصورت دیگر صوبہ گیر احتجاج ہوگا، جمعہ خان خلجی پر حملہ تحریک انصاف پر حملہ کرنے کے مترادف ہے۔ یہ بات تحریک انصاف بلوچستان کے ترجمان محمد آصف ترین نے جمعہ خان خلجی کی عیادت کے موقع پر عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ جس بےدردی سے دن دہاڑے تحریک انصاف بلوچستان کے سینئر رہنما جمعہ خلجی پر قاتلانہ حملہ کرکے ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، یہ پولیس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے جو کوئٹہ شہر میں جنگل کے قانون کی عکاسی کرتا ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنان صبر و تحمل سے کام لیں، ہم حکام بالا اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں، امید ہے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائیں گے جس سے تحریک انصاف کے ذمہ داران و کارکنان میں اس واقعے کے متعلق پایا جانے والا غصہ و نفرت کم ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر داﺅد شاہ کاکڑ کی قیادت میں پارٹی کے مرکزی، صوبائی، ڈسٹرکٹس، وکلا ونگ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا جس میں جمعہ خان خلجی پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور مطالبہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر ملزمان کو گرفتار کریں بصورت دیگر پورے صوبے میں بھرپور احتجاج ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں