قبضہ مافیا کیخلاف سخت کارروائی کیلئے کمیٹی تشکیل

کوئٹہ(خ ن) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے ہلال شجاعت نے کہا ہے کہ پولیس عدالت عالیہ کے احکامات کی پیروی کرتے ہوئے نان کسٹم پیڈگاڑیاں، کالے شیشے، غیر قانونی بغیر نمونہ نمبر پلیٹس،راہداری اور اسلحے کی نمود و نمائش کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے 118 گاڑیوں کے شو رومز کو رجسٹرڈ کرنے کے علاوہ راہداریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 16 ایف آئی آر درج کی ہیں جب کہ ہوائی فائرنگ کی خلاف ورزی کرنے پر 24 مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں کوارڈینیشن اینڈ ایمپلیٹیشن کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں اب تک کی جانے والی کارروائیوں میں ڈی جی ایکسائز کا کہنا تھا کہ اب تک 118 گاڑیوں کے شو رومز رجسٹرڈ کرکے ان کا ڈیٹا کسٹم حکام کو فراہم کیا گیا ہے اس کے علاوہ بغیر نمونہ جات نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائی جاری ہے۔آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں پولیس کو انٹیلی جنس کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ جو لوگ ہوائی فائرنگ کو ایک مشغلہ سمجھتے ہیں ان کے خلاف منظم کارروائی کرکے اس سلسلے کو روکا جاسکے۔جبکہ سرکاری اور لوگوں کی ذاتی اراضی پر قبضہ مافیا میں ملوث عناصر کیخلاف جاری سخت کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی کوئٹہ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی مشترکہ سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور اس سلسلے میں متعلقہ ایس پیز اور اسسٹنٹ کمشنر کی رہنمائی بھی حاصل کی جائے اجلاس کو ایس ایس پی ٹریفک نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے غیر قانونی رکشوں کے خلاف کارروائی شروع ہے جس پر آئی جی پولیس بلوچستان کا کہنا تھا تمام غیر قانونی رکشوں اور گاڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے متعلقہ ججز کو درخواست دی جائے تاکہ ان کے تلف کرنے کے مراحل میں تیزی لاکر ممکن بنایا جائے۔ اجلاس میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں،کالے شیشے،غیر نمونہ نمبر پلیٹ اورہر قسم کی راہداریوں اور اسلحے کی نمود و نمائش کرنے والوں کے خلاف مزید کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں