ہرنائی زلزلہ متاثرین کے لئے 12ہزار روپے کی امداد تضحیک کرنے کے مترادف ہے،پیپلز پارٹی
کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزرہا ہے ملک کو بچانے کا واحد حل پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کا قیام ہے ہرنائی زلزلہ متاثرین کے لئے 12ہزار روپے کی امداد عوام کی تضحیک کرنے کے مترادف ہے ہرنائی کے زلزلہ متاثرین کے گھروں کی بحالی کے لئے خصوصی فنڈ قائم کیاجائے جبکہ شہداء کے لواحقین کو بھی معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔یہ بات انہوں نے ہرنائی میں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر یاسین ترین سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور زلزلہ متاثرین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی، پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت نے ہرنائی کے مختلف علاقوں میں زلزلے میں شہید ہونے والے افراد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا کہ ہرنائی میں زلزلے کے نقصانات پر تشویش ہے بے شک قدرتی آفات اللہ کی طرف سے ہیں مگر حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو فوری طور پر ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انکی بحالی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے انہوں نے کہا کہ ہرنائی کے زلزلہ متاثرین 12ہزار روپے کی امداد نہیں بلکہ اپنے گھروں او املاک کی دوبارہ بحالی چاہتے ہیں اس تمام صورتحال میں حکومت فوری طور پر زلزلہ متاثرین کے لئے خصوصی فنڈ قائم کر کے سرکاری خر چ پر زلزلے سے تباہ ہونے والے مکانات اور املا ک کو تعمیر کرے انہوں نے زلزلہ متاثرین کو بعض علاقوں میں تاخیر سے امداد پہنچنے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاغذی کاروائی کے بجائے عملی طور پر زلزلہ متاثرین کی امداد پر توجہ دے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہے اور انکی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔


