سونیا گاندھی کا کسانوں کے مطالبات ہر فورم پر سنجیدگی سے اٹھانے کا اعلان
نئی دہلی ,ہندوستان میں کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کسانوں کے مطالبات کو ہر فورم پر سنجیدگی سے اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے مسئلے پر سنجیدہ نہیں‘کانگریس کسانوں کے ہر مسئلے پر ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مطالبے کیلئے سڑک سے پارلیمنٹ تک ہرجگہ لڑے گی‘ایک سال سے زائد سے جاری احتجاج میں 7سو سے زائد کسانوں کی موت ہو چکی لیکن حکومت کسانوں کے تئیں بے حس ہے‘ایک بھی بات نہیں سن رہی۔نئی دہلی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے سینٹرل ہال میں کانگریس پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے مسئلے پر سنجیدہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کے ہر مسئلے پر ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مطالبے کے لئے سڑک سے پارلیمنٹ تک ہرجگہ لڑے گی۔ مسز گاندھی نے کہا کہ کسان اپنے مطالبات کے حق میں تیرہ مہینے سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت نے تینوں زرعی قوانین کو واپس تو لے لیا لیکن کسانوں کی بات نہیں سنی۔انہوں نے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصے سے جاری احتجاج کے دوران سات سو سے زائد کسانوں کی موت ہو چکی ہے لیکن حکومت کسانوں کے تئیں بے حس ہے اور ان کی ایک بھی بات نہیں سن رہی ہے۔ کانگریس صدرنے کہا کہ ان کی پارٹی کسانوں کے حقوق کے لیے مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور زرعی پیداواروں کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر ان کی لڑائی لڑتی رہے گی تاکہ انہیں فصلوں کی مناسب قیمت ملے اور دیگر مسائل حل ہوسکیں۔


