بارشوں سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے اقدامات کا آغاز کیا جائیگا،قدوس بزنجو

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع گوادر، لسبیلہ، کیچ، چمن اور پشین میں متاثرین کی بحالی کے اقدامات کا جلد آغاز کیا جائے گا جس کیلئے ان اضلاع کی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے کی ہدایت کی گئی ہے گوادر کو آفت زدہ قراردیکر امداد و بحالی کیلئے وسائل فراہم کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹر کہدہ بابر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گوادر، کیچ اور لسبیلہ میں حالیہ بارشوں کے متاثرین کی بحالی، گوادر کی مجموعی ترقی اور گوادر کے عوام کے مطالبات پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیاگیا۔ سینیٹر کہدہ بابر نے گوادر کو آفت زدہ قراردینے پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے عوام امداد و بحالی کی سرگرمیوں اور ان کے مطالبات پر عملدرآمد کے حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں انہوں نے کہا کہ لسبیلہ سے منتخب رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے ضلع لسبیلہ میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی نشاندہی کرتے ہوئے لسبیلہ کو بھی آفت زدہ قرار دینے کی درخواست کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر فوری طور پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سے رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں