عمران نیازی اورانکے نا اہل ٹولے نے منی بجٹ لاکر ملک کو عملی طور پر آئی ایم ایف کے سپرد کردیا ہے، سردار سربلند جوگیزئی

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ عمران نیازی اورانکے نا اہل ٹولے نے منی بجٹ لاکر ملک کو عملی طور پر آئی ایم ایف کے سپرد کردیا ہے پاکستان پیپلزپارٹی اس نااہل حکومت کے منی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔یہ بات انہوں نے منی بجٹ پر پارٹی ردعمل دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک چلانا پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں ہے عمران نیازی ملک کو اتنا نقصان پہنچائیں جسکی تلافی ممکن ہو۔ سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا کہ منی بجٹ کے ذریعے 150اشیاء مہنگی کرنے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا پی ٹی آئی حکومت اپنے ہی مہنگائی کے سونامی میں ڈوب کر غرق ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر نا اہل حکمرانوں نے عوام پر رحم نہیں کھایا تو ملک بدترین انتشار کا شکار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم کی سرپرستی میں ملک مافیا کا مرکز بن چکا ہے حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مافیا کو فائدہ پہنچانے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے غلام وزیراعظم نے منی بجٹ میں آکسیجن اور سورج کی روشنی کے علاوہ ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا ہے منی بجٹ میں 400 ارب کے نئے ٹیکس لگائے گئے ہے جو منی بجٹ نہیں عوام کا معاشی قتل عام ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب دشمن منی بجٹ پر ملک کے ہر سیاسی کارکن اور شہری کو شدید احتجاج کرنا چاہئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نا ا ہل حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے کیلئے فیصلہ کن تحریک کا اعلان کردیا ہے اور انشاء اللہ یہ تحریک عمران نیازی کے اقتدار کے خاتمے پر ختم ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں