حکومتی وفد کی بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت سے ملاقات
اسلام آباد (انتخاب نیوز) تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے حکومتی وفد نے بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی جس میں موجود ہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی ۔پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر و وزیر دفاع پرویز خٹک پر مشتمل حکومتی وفد نے اسلام آباد میں بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور ورزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی رہنما ،نوابزادہ خالد مگسی،وفاقی وزیر زبیدہ جلال، سردار اسرار ترین، میر احسان اللہ ریکی،اور مس روبینہ عرفان موجود تھے ۔ ملاقات میں تحریک عدم اعتماد و ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔حکومتی وفد نے وزیر اعظم عمران خان کا اہم پیغام بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت کو پہنچایا۔ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔


