چین پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرے، صادق سنجرانی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت چین کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ صادق سنجرانی سے چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پینگ چن زوئی کی پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور سی پیک منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اور علاقائی امور میں چین کے کردار کو پاکستان انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ صادق سنجرانی نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت چین کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اہم معاملات بارے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی موقف کی تائید کی ہے، پاک چین دوستی دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بستی ہے۔ چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ صنعت کاری، زراعت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز میں چین کی طرف سے سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صادق سنجرانی نے ملاقات میں سی پیک منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا اور جس سے ترقی کا ایک نیا باب شروع ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے جس کیلئے ہمیشہ ان کے شکرگزار رہیں گے۔ دوسری جانب ملاقات میں چینی ناظم الامور نے علاقائی امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور سی پیک پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ ملاقات میں پینگ چن زوئی نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔


