کبھی اینٹی امریکا اور اینٹی یورپ نہیں رہا، عمران خان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میں کبھی اینٹی امریکا اور اینٹی یورپ نہیں رہا، ڈونلڈ ٹرمپ اور اس کی انتظامیہ سے بہت اچھے تعلقات تھے۔ اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ امریکا کو عادت تھی کہ حکم دیں اور یہاں لوگ اس پر سیلوٹ ماریں، بدقسمتی سے امریکیوں کو اپنی بات منوانے کیلیے حکم دینے کی عادت پڑی ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پرویز مشرف امریکی دھمکی کا دباؤ نہ سہہ سکا، ملک کو امریکی جنگ کا حصہ بنا دیا، پاکستان نے امریکی وار آن ٹیرر میں شرکت کرنے کی سب سے بھاری قیمت ادا کی۔ عمران خان نے کہا کہ اتحادی افواج کو اکٹھا بھی کرلیں تو ان کی اموات اتنی نہیں ہوئیں، جتنی ہماری افواج کی ہوئیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امریکا کا کیا کام کہ ہماری پارٹی کے ان لوگوں سے ملے، جو ہم سے خوش نہیں تھے، امریکی انڈر سیکرٹری ڈونلڈ لیو نے پاکستانی سفیر کو دھمکی دی۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کی حکومت کے خلاف سازش کی، جسے پاکستان کے میر جعفر اور میر صادق نے کامیاب کروایا، ہمیں ہاتھ باندھ کر حکومت سے ہٹایا گیا، پھر کرپٹ ترین مافیا کو ملک پر مسلط کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک تباہ کرنا ہے تو چوروں کو ملک پر بٹھادیں، پاکستان سنبھالا تو ملک بنک دیوالیہ تھا، میں نے باہر ملکوں سے جا کر پیسے مانگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں