کروڑوں روپے خرچ کے باوجود بی ایم سی ہاسٹل کھنڈر بنا ہوا ہے، بی ایس او پجار

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بی ایس او (پجار) کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بولان میڈیکل کالج میں بلوچستان کے غریب طلبہ کا پیسہ پانی کی طرح بہایا گیا مگر میڈیکل کے طلبہ کے رہائشی ہاسٹلز کی حالت ناقابل رہائش ہوتی جارہی ہے، میڈیکل کالج پر خرچ ہونے والے فنڈ کرپشن کی نظر ہوگئے ہیں، تاریخ میں سب سے زیادہ فنڈ گزشتہ ڈھائی ماہ میں جاری ہوئے مگر کسی قسم کی بہتری تو کجا مزید پستی کی جانب ادارے کو دھکیلا جارہا ہے۔ کالج انتظامیہ ادارے کی بربادی کا تماشا دیکھ رہی ہے۔ طلبہ کے مسائل میں آئے روز جان بوجھ کر اضافہ کیا جارہا ہے، ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ انتظامیہ صوبے کے طلبہ پر میڈیکل کی تعلیم کے دروازے ادارے کو نقصان پہنچا کر بند کرنا چاہتی ہے۔ صوبے کے ہونہار غریب طلبہ کے حقوق کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ طلبہ کے حقوق غصب کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔ حکومت فوری نوٹس لے، نااہل انتظامیہ کیخلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ ادارے کو مزید تباہی سے بچایا جاسکے، بصورت دیگر بی ایس او پجار اپنا آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے ایسی میگا کرپشن کیخلاف مزید قوت کے ساتھ ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں