بلوچستان میں سیلابی پانی نہ نکل سکا، متاثرین امراض میں مبتلا ہونے لگے
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں سیلابی پانی نہ نکل سکا، متاثرین بیماریوں کا شکار ہونے لگے،بلوچستان کے علاقے جعفرآباد، نصیرآباد اور صحبت پور میں تاحال سیلابی پانی کی نکاسی نہ ہو سکی، بارشوں اور سیلاب کی مصیبتیں جھیلنے والے سیلاب متاثرین وبائی امراض کا شکار ہوتے جارہے ہیں، صحبت پور کے علاقوں سے لیکر ڈیرہ اللہ یار، کیٹل فارم اور گنداخہ تک مختلف علاقوں میں پانی ابھی تک موجود ہے جس کے باعث ملیریا اور جلدی بیماریاں متاثرین کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہیں،ارد گرد پانی اور شدید گرم موسم میں متاثرین چارپائیوں کے سائے تلے چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ امداد کے منتظر ہیں،گنداخہ میں محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم نہ کرنے کیخلاف متاثرین احتجاج پر مجبور ہو گئے،متاثرین کا کہنا تھا کہ ملیریا اور ڈائیریا سے لوگ مر رہے ہیں، انتظامیہ چند دوائیوں کے ڈبے بھیج کر اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہو رہی ہے، ادھر سیلاب سے متاثرہ ضلع قلعہ عبداللہ میں خواتین اور بچوں میں پیٹ، دست، جلد اور آنکھوں کی بیماریوں سمیت ذہنی صحت کے مسائل جنم لے رہے ہیں،خواتین اور بزرگ ڈپریشن اور بے خوابی کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ بچوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے۔


