جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کا ہنگامی اجلاس

کوئٹہ(انتخاب نیوز)جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کا ایک ہنگامی اجلاس چیئرمین آفیسرز ایسوسی ایشن نذیر احمد لہڑی کی صدارت میں ہوا جس میں اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ۔ ایمپللائز ایسوسی ایشن کے صدر شاہ علی بگٹی، گل جان کاکڑ، اسماعیل پرکانی، سید شاہ بابر، عبدالرشید مینگل، حافظ عبدالقیوم، حیات اللہ علیزئی اور دیگر نے شرکت کی اجلاس میں جامعہ بلوچستان کے اساتذہ اور آفیسرز ملازمین کو درپیش مالی، انتظامی معاملات پر تشویش کا اظہار کیا اور اس پر سخت افسوس کا اظہار کیا کہ جامعہ کے ڈینز کمیٹی سے طے شدہ پوائنٹس جس میں ہاوس ریکوزیشن کی بقایاجات، آفیسرز اور ملازمین کے پروموشن پر جامعہ کے وائس چانسلر اور دیگر اعلی انتظامی آفیسران غیر ضروری اور دانستہ طور پر التوا میں ڈال رہے ہیں۔اور اس پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں جامعہ کے کالونی اور اکیڈمک بلاک میں گیس پریشر کی کمی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ کے وائس چانسلر اور دیگر اعلی انتظامی آفیسران سے اپیل کی کہ وہ اس بابت ضروری اقدامات اٹھائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا کہ اس مسئلے پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا نمائندہ وفد ڈینز کمیٹی سے جلد ملاقات کرے گی اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کے کا نمائندہ وفد جامعہ کے زیر اہتمام تینوں ریسرچ سینٹرز کے ڈائریکٹرز سے سینٹرز کے اساتذہ، آفیسرز اور ملازمین کو مکمل تنخواہ اور پینشنرز کو پینشنز کی بروقت ادائیگی اوردیگر اھم درپیش مسائل پر ملاقات کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں