قدوس بزنجو کا بلوچستان کے مالی بحران پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا فیصلہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کے مالی بحران پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبد القدوس بزنجو بلوچستان کے مالی بحران پر وزیرعظم میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کر کے وزیراعظم کی توجہ وفاقی منصوبوں پر عملدرآمد کی پیش رفت میں سست روی کی جانب بھی مبذول کرائیں گے،وزیراعظم سے ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ صوبائی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر اور بلوچستان کے سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی بھی شامل ہونگے،وزیراعلیٰ بلوچستان وزیراعظم سے ملاقات سے قبل بلوچستان کی سیاسی قیادت اور اراکین سینٹ و قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے۔ وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے ہدایت کی کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور محکمہ خزانہ وفاقی منصوبوں کی پیش رفت اور صوبے کی مالیاتی صورتحال سے متعلق جامع بریفنگ تیار کرے وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں انہیں مکمل بریفنگ دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ وزیراعظم ہماری گزارشات کو ہمدردی اور توجہ سے سنیں گے اور احکامات جاری کرینگے۔


