ریکوڈک معاہدے پر باقاعدہ کام کے آغاز کی تقریب، بلوچستان کو 3 ملین ڈالر کی ادائیگی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ریکوڈک معاہدے پر فریقین کی جانب سے دستخط ہونے اور منصوبے پر باقاعدہ کام کے آغاز پر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایک سادہ اور پروقار رسمی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بیرک گولڈ کے چیف ایگزیکٹو مسٹر مارک بریسٹو قائم مقام اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسی خیل اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ صوبائی وزراء سینٹر منظور خان کا کڑ پارلیمانی لیڈر اور حزب اختلاف کے اراکین اسمبلی کے علاوہ ریکو ڈک منصوبے پر کام کرنے والے ماہرین کی ٹیم اور صوبائی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد ریکو ڈک منصوبے میں بلوچستان کے عوام کی اونر شپ اور شراکت داری کو اجاگر کرنا تھا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ اور مارک بریسٹو نے تنجیل معاہدے کے کو ر شیڈ کی مد میں بلوچستان کو کمپنی کی جانب سے 3 ملین ڈالر کی ادائیگی کی،دستاویزات پر دستخط کئے یہ رقم اس ما ہ بلوچستان حکومت کو منتقل کردی جائیگی جبکہ معاہدے کے تحت کمپنی کی جانب سے بلوچستان کو رائلٹی کی مد میں رقم کی ادائیگی کا بھی اس سال مارچ سے آغاز کردیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ کمپنی علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کریگی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر کام کے باقاعدہ آغاز کے سلسلے میں بیرک گولڈ کی ٹیم کا اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ اور دوسرے حکومت اور اپوزیشن اراکین کے ہمراہ ایک سادہ لیکن پروقار تقریب میں استقبال کیا جو اس حقیقت کا مظہر ہے کہ صوبے کی تعمیر و ترقی میں ہم سب ایک پیج پر ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور اپنی ٹیم کی مخلصانہ کوششوں کی وجہ سے نہ صرف قانون سازی کا مشکل مرحلہ طے کیا بلکہ سیاسی قائدین کی حمایت لیکر چلتے ہوئے بلوچستان کیلئے ایک تاریخی معاہدہ انتہائی خوش اسلوبی سے طے کیا جسکو وہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی خوش قسمتی سمجھتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاہدے کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے والے ساتھیوں اور حکام نے خلوص نیت اور محنت و لگن سے کام کیا ان سب کو انکی خدمات کے اعتراف کے طور پر تعریفی اسناد اور ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ اس منصوبے سے جڑے فریقین کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں