فورسز نے یوکرین کے شہر بخموت کے مشرقی حصے پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا، روس کا دعویٰ

ماسکو (آن لائن) روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فورسز نے یوکرین کے شہر بخموت کے مشرقی حصے پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے ۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق روس کے ویگنر گروپ سربراہ نے کہا ہے کہ بخموت پر قبضہ کرنے کی روسی مہم کی قیادت کرنے والے ان کے جنگجو شہر کے مشرقی حصے پر قبضہ کر چکے ہیں۔ٹیلی گرام پر ان کا کہنا تھا کہ دریائے بخموتکا کے مشرق کی ہر چیز مکمل طور پر ویگنر فورس کے کنٹرول میں ہے۔ دوسری جانب اس سے قبل یوکرینی فوج کے بیانات میں کہا گیا کہ باخموت میں یوکرینی حملے کے حالات ہو سکتے ہیں۔یوکرین کی مشرقی ملٹری کمان کے ترجمان نے پبلک ٹیلی ویژن کو بتایا کہ بخموت میں ہمارے فوجیوں کا بنیادی کام دشمن کی جنگی صلاحیت کو پسپا کرنا، ان کی جنگی صلاحیتوں کو ضائع کرنا ہے۔یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ دشمن اہم نقصانات کے باوجود باخموت شہر پر چڑھائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ادھر نیٹو سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے خبردار کیا کہ مہینوں کی شدید لڑائی کے بعد آنے والے دنوں میں بخموت روس کے قبضے میں جا سکتا ہے۔اسٹولٹن برگ نے یورپی یونین کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے موقع پر اسٹاک ہوم میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ روس مزید فوجی، بہت زیادہ فورسز بھیج کر اپنے معیار کی کمی کو تعداد بڑھا کر پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔امریکی زیر قیادت فوجی اتحاد کے سربراہ نے کہا کہ ہم اس بات کو مسترد نہیں کر سکتے کہ آنے والے دنوں میں بخموت پر قبضہ ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں