سبزل اور سریاب روڈ کی توسیع ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود منصوبے مکمل نہ ہوسکے

کوئٹہ (این این آئی) کوئٹہ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ کے تحت سبزل روڈ اور سریاب روڈ کی توسیع کے منصوبے کی 30 جون تک تکمیل کی ڈیڈ لائن گزر گئی مگر ان شاہراہوں کی تعمیر مکمل نہ ہوسکی، پروجیکٹ ڈائریکٹر نے دونوں منصوبوں کی تکمیل کیلئے مزید ایک ماہ کا وقت مانگ لیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے ہر ہفتے کام کی رفتار چیک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ کوئٹہ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ کے تحت سبزل روڈ اور سریاب روڈ کی توسیع کے منصوبے پر کام پچھلے تین برسوں سے جاری ہے، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبائی حکومت نے ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے تیس جون کی ڈیڈ لائن دی تھی مگر یہ منصوبے مقررہ وقت میں مکمل نہ ہوسکا۔ کوئٹہ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے دونوں منصوبوں کی تکمیل کیلئے ایک ماہ کا مزید وقت مانگ لیا۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری بلوچستان نے ہفتے کی صبح ان منصوبوں کا دورہ کرکے کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ سبزل روڈ اور سریاب روڈ کی توسیع کے منصوبے ایک ماہ میں مکمل کیے جائیں گے۔ کوئٹہ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد رفیق نے بتایا کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد سمنگلی روڈ کڈنی ہسپتال سے ایئر پورٹ چورنگی تک ڈبل وے روڈ کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں