سوراب میں وفاقی محتسب کی کھلی کچہری، انتظامیہ اور سرکاری اداروں کیخلاف عوام پھٹ پڑے، شکایتوں کے انبار
سوراب (این این آئی) ریجنل ڈائریکٹر وفاقی محتسب غلام سرور بروہی کی سربراہی میں ڈی سی کمپلیکس سوراب میں منعقدہ عوامی کھلی کچہری میں شہریوں نے سوراب میں انتظامیہ اورسرکاری اداروں کی ناقص کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ وفاقی محتسب کے سامنے عوامی مسائل میں افسران کی عدم دلچسپی، دیہی علاقوں کے ساتھ امتیازی سلوک، سڑکوں کی زبوں حالی، سیلاب متاثرین سے عدم تعاون، محکمہ صحت کی لاپروائی اور غفلت کی وجہ سے اتائی ڈاکٹروں کی بھرمار سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیے، امن و امان کے قیام میں انتظامیہ کی غیر تسلی بخش کارکردگی محکمہ مواصلات اور محکمہ صحت سب سے زیادہ ہدف تنقید رہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوراب سمیت کئی دیگر سرکاری محکموں کے ضلعی آفیسران کی ڈیوٹی سے عموماً غائب رہنے کا معاملہ بھی کھلی کچہری میں اٹھایا گیا ، یونین کونسل مولی کے چیئرمین حافظ خلیل الرحمٰن لہڑی میر محمد ہاشم سمالانی ٹکری محمد صالح میروانی انجنیئر حبیب زہری میر مقبول گرگناڑی محمد اقبال سمالانی نے وفاقی محتسب کی موجودگی میں منعقدہ کھلی کچہری میں علاقائی مسائل کوموثر انداز میں اجاگر کرکے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا جبکہ اس موقع پر علاقے کے دیگر سیاسی قبائلی اور علاقائی عمائدین نے بھی وفاقی محتسب کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ، کھلی کچہری کے موقع پر سوراب کے شہری اور عوامی نمائندے مجموعی طور پر سوراب انتظامیہ اور سرکاری محکموں کی کارکردگی سے نالاں نظر آئے جبکہ انہوں نے اپنی گفتگو میں بھی عوامی مسائل کے حل میں آفیسران کی عدم دلچسپی پر کڑی تنقید کی، کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب اللہ خان موسیٰ خیل، ایس پی سوراب اللہ بخش بلوچ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالوہاب چیئرمین میونسپل کمیٹی سوراب میرمجیب الرحمن رودینی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سوراب منظور احمد سمیت دیگر آفیسران موجود تھے جبکہ کئی محکموں کے ضلعی سربراہ آفیسران حسب عادت آج کی اہمیت کے حامل اس عوامی کھلی کچہری سے بھی غائب تھے۔


