معاشی چیلنجز کے باوجود ہم نے بلوچستان کے کونے کونے میں ترقی کو یقینی بنایا، عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نےبلوچستان اسمبلی کی تحلیل بارےاپنے جاری کردہ الوداعی بیان میں کہا کہ جیسے ہی بلوچستان اسمبلی اپنی مدت ختم کر رہی ہے، میں تمام ایم پی ایز، اتحادی اور اپوزیشن اراکین، بیوروکریسی اور بالخصوص اپنے لوگوں کا ان کی غیر متزلزل لگن پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ساتھ مل کر حقیقی جمہوری جذبے کی مثال دیتے ہوئے چیلنجز کا سامنا کیا۔سیلاب اور حکمرانی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے باوجود ہم مضبوط کھڑے رہے۔ معاشی چیلنجز کے باوجود ہم نے بلوچستان کے کونے کونے میں ترقی کو یقینی بنایا۔ PSDP میں ہر MPA کو مساوی نمائندگی ملی جو کہ اتحاد اور ترقی کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ دو سال سے بھی کم عرصے میں ہم نے صنفی مساوات کو فروغ دینے، صوبے کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر اور ترقی دینے، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم کی سہولیات کو یقینی بنانے اور صوبے میں گڈ گورننس لانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم نے صوبے کی معدنی دولت کو بروئے کار لا کر صوبے کی معیشت کو بہتر بنانے کی کوشش کی اور کاشتکاروں کو صوبے کے زرعی شعبے میں حصہ ڈالنے کے لیے عملی مدد فراہم کی۔ تاریخی ریکوڈک سیٹلمنٹ سے بین الاقوامی سرمایہ کیلئے راہ ہمواری، ہیلتھ کارڈ، پہلی پبلک ٹرانسپورٹ سروس، کھیلوں کی بحالی، بلدیاتی انتخابات، نئی یونیورسٹیوں کا قیام، یونیورسٹیوں کے لیے گرانٹس میں اضافہ، گرلز کیڈٹ کالجز کا قیام، ملازمین کو مستقل کرنے کے ساتھ مزید ملازمتوں کی فراہمی، طبی عملے کی کنٹریکٹ تقرری، ترقیاتی سکیموں کی ڈیجیٹلائزیشن کے ساتھ ساتھ گرین ٹریکٹر سکیم اور سب سے بڑھ کر وفاق میں صوبے کی انتھک وکالت چند کامیابیاں ہیں۔ ہمارا سفر مشکل تھا،لیکن ہمارا عزم مضبوط تھا۔ جب ہم اس باب کو الوداع کررہے ہیں تو آئیے امید کے ساتھ آگے کی طرف دیکھتے ہیں، یہ جانتے ہوئے کہ ہماری اجتماعی کوششوں نے ایک روشن بلوچستان کی راہ ہموار کی ہے۔ مل کر ہم نے تاریخ لکھی ہے، اور مل کر ہم ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر جاری رکھیں گے ۔


