غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی اور آشنا کو دن دیہاڑے گولیاں مار کر قتل کردیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ایک جوڑے کو دن دیہاڑے غیرت کے نام پر قتل کر دیا۔نجی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں دن دیہاڑے لڑکی کے باپ نے بیٹی اور اسکے مبینہ آشنا کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق دوہرا قتل لڑکی کے والد نےغیرت کے نام پر کیا۔پولیس نے بتایا کہ انہیں ایک گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع ملی جس میں ایک لڑکی اور ایک نوجوان سوار تھے اور فائرنگ سے جوڑا شدید زخمی ہوگیا۔پولیس موقع پر پہنچی تو جوڑا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول نوجوان کی شناخت احسن کے نام سے ہوئی، جو سکنہ گلشن اقبال (ل )نامی لڑکی سے ملنے گیا۔ یہ جوڑا ایک ڈبل کیبن کار ریوو میں سوار ہوا۔ لڑکی کے والد نے اپنی بیٹی کو ایک شخص کے ساتھ دیکھا تو کار پر فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں لڑکی اور اس کے فرض شدہ عاشق دونوں کی موت ہوگئی۔سہراب گوٹھ کے ایس ایس پی چوہدری سہیل فیض نے بتایا کہپولیس نے لڑکی کے والد اور بھائی کو گرفتار کرلیا ،جبکہ قتل کا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے جبکہ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔جائے وقوعہ سے مزید شواہد بھی اکٹھےکئے جار ہے ہیں جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔


